نئی دہلی،7؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) جنتا دل یونائٹیڈ کے باغی لیڈر شرد یادو نے مرکزی حکومت کے نوٹ بندی کے فیصلے اور جی ایس ٹی کی وجہ سے تاجروں کوہوئیں مشکلات کے خلاف اپوزیشن کی طرف سے ملک گیر مہم شروع کیے جانے کا آج اعلان کیاہے۔ یادو کا یہ فیصلہ ان کے دھڑے کی قومی کونسل کی کل ہونے والی میٹنگ کے ایک دن پہلے آیاہے۔یادو نے ہزار اور پانچ سو روپے کے نوٹوں کو نومبر میں بند کرنے کے فیصلے اورجی ایس ٹی لاگوکرنے کے لیے حکومت پر حملہ بولا اور کہا کہ دونوں اقدامات نے معیشت کو برباد کر دیا۔انہوں نے زور دیا کہ 2019 میں لوک سبھا انتخابات اقتصادی مسائل پر لڑے جائیں گے۔شردیادونے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ جس طرح کاجنگل راج آج ہم دیکھ رہے ہیں وہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔جی ایس ٹی کے ذریعہ تاجروں کو جیل بھی ہوسکتی ہے۔ہم (اپوزیشن) فوری ملک گیر بڑی مہم شروع کریں گے۔ وہیں یادو کے قریبی ارون شریواستو نے دعویٰ کیاکہ JDU رہنماؤں کی اکثریت ان کے گروہ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ پارٹی کی قومی کونسل کے 1045 ارکان میں سے تقریباََپانچ سو سے چھ سواراکین کل کی میٹنگ میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا رکن اور پارٹی کے کیرل یونٹ کے سربراہ پی وریندر کمار بھی اس میں حصہ لیں گے۔